اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے امیدواروں کے اعدادو شمار جاری کردیئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 28 ہزار 626 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کیلئے سات ہزار 242 مرد جبکہ 471 خواتین کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی میں خواتین کی 60 مخصوص نشستوں کیلئے 459 خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ 10 اقلیتی نشستوں پر 140 مرد اور 10 خواتین امیدوار میدان میں آئی ہیں۔
اعدادو شمار کے مطابق خیبر پختونخوا سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے 5 ہزار 278 امیدوار مد مقابل ہیں اور اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تین نشستوں کیلئے 26 خواتین سمیت 208 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں۔