اسلام آباد: عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی آسانی کیلئے الیکشن کمیشن نے آن لائن سہولت مرکز قائم کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق آن لائن سہولت مرکز الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں بنایا گیا ہے جس میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)،قومی احتساب بیورو ( نیب)،وفاقی تحقیقاتی ایجنسی( ایف آئی اے)،فیڈرل بورڈ آف ریونیو آف پاکستان( ایف بی آر) اور اسٹیٹ بینک معاونت کر رہے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا بتانا ہے کہ آن لائن سہولت مرکز 24 گھنٹے کام کر رہا ہے، امیدواران کےکوائف ضروری کارروائی کیلئے متعلقہ اداروں کو بھجوائے جا رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے سیکرٹری پاور ڈویژن، سیکرٹری پیٹرولیم ڈویژن، سیکرٹری نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن، سیکرٹری ہاؤسنگ، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور چیئرمین سی ڈی اے ریٹرننگ افسران سے امیدواروں کی فہرست حاصل کر لیں، امیدواروں کی فہرست کا اجرا 24 دسمبر2023 کو کیا جاچکا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نادہندہ امیدوار کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران 25 تا 30 دسمبر ریٹرننگ افسران سے رجوع کریں اور تمام ادارے نادہندہ امیدواران سے واجبات کی وصولی یقینی بنائیں، اس ضمن میں حکومت کے تمام وفاقی و صوبائی ادارے فوری ریٹرننگ افسران سے رابطہ کریں۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات سننے کیلئے ٹریبونل تشکیل دے دیے گئے، الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔