اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح آج بھی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں، قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے اصولوں پرعمل ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق قائد اعظم کے 147 ویں یوم ولادت پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے پیغام میں کہا کہ ہم بحیثیت قوم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ ہمیں اس عظیم قائد سے نوازا جس نے برصغیر کے مسلمانوں کی قیادت کی اور بالآخر ہمارے لیے ایک آزاد وطن حاصل کیا۔ قائد نے دنیا کے نقشے پر ایک نئی آزاد مسلم ریاست کے قیام کی جدوجہد کے لئے بر صغیر کے مسلمانوں کو ایک پرچم تلے متحد کیا۔نگران وزیر اعظم نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح آج بھی ہم سب کے لیے مشعل راہ ہیں، جس کی وجہ ان کا مثالی کردار اور غیر معمولی قائدانہ خصوصیات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے عزم اور غیر متزلزل قوت ارادی نے مسلمانوں کو اپنے مقصد کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے اور عظیم مقصد کے لیے تمام مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کرنے کا عزم دیا۔ ان کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر مسلمانوں نے بے مثال قربانیاں دیتے ہوئے اپنا اجتماعی مقصد حاصل کیا۔ یہ ان کی کردار کی مضبوطی تھی جو برصغیر کے مسلمانوں کے لیے مشعلِ راہ بنی۔ ان کی اصول پسندی ، دیانت اور یقین کی وجہ سے ان کے مخالفین بھی ان کی عزت کرتے تھے۔ ان کا طرز عمل کسی بھی قسم کی مصلحت سے بالا تر تھا۔ قائداعظم کی زندگی آئینی جدوجہد اور سیاسی بصیرت کی عکاس تھی،اپنے عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم بحیثیت قوم ان کے اصولوں پر عمل کریں۔
Today, we celebrate the 147th birthday of our great leader, Quaid-e-Azam Muhammad Ali Jinnah. His vision and unwavering commitment have been the guiding light for our nation. Let's honor his legacy by upholding unity, faith, and discipline!
— Prime Minister's Office (@PakPMO) December 25, 2023
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ قائد اعظم نے 11 اگست 1947 کی اپنی تقریر میں یہ واضح کر دیا تھا کہ پاکستان میں ہر ایک شخص کو اپنے عقیدے اور مذہب کے حوالے سے مکمل آزادی حاصل ہو گی۔ آج کے دن بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے قائد کے دیئے ہوئے پیغام کو دہرانے کی ضرورت ہے۔نگران وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں انتہا پسندی کی قوتوں کو شکست دینے ، جمہوریت، پرامن بقائے باہمی اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ آئیے قومی اتحاد اور ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا عہد کریں۔ قائد کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصول بحیثیت قوم ہم سب کے لیے رہنما اصول بننے چاہئیں۔ اللہ ہمیں پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک جمہوری ریاست بنانے کی توفیق عطا فرمائے جیسا کہ ہمارے عظیم قائد نے تصور کیا تھا۔