کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے کاہان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ میں دھماکے سے ایک افسر اور 4 فوجی جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے کاہان میں کلیئرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ میں دھماکے سے 1 افسر اور 4 فوجی جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں کوہلو کے علاقے کاہان میں خفیہ اطلاعات پر کلیئرنس آپریشن جاری تھا کہ اس دوران بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک افسر اور 4 فوجی جوان شہید ہوئے۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ دھماکے کے شہداءمیں کیپٹن فہد، لانس نائیک امتیاز، سپاہی اصغر، سپاہی مہران اور سپاہی شمعون شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کے امن، خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکیں، سیکیورٹی فورسز ہر قیمت پر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بلوچستان کے علاقے میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، ایک افسر، 4 جوان شہید
08:20 PM, 25 Dec, 2022