کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عابد علی کو حالت بہتر ہونے پر ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے اور وہ اب پہلے سے بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چند روز پہلے یوبی ایل گراؤٔنڈ کراچی میں قائد اعظم ٹرافی کے میچ کے دوران عابد علی کو بیٹنگ کرتے وقت چھاتی میں تکلیف ہوئی تھی جس پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے دل کی شریانوں میں 2 سٹنٹ ڈالے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عابد علی تیزی سے روبصحت ہیں اور پہلے سے کافی بہتر محسوس کر رہے ہیں جس پر انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا ہے جبکہ ان کا صحت بحالی پروگرام 2 ہفتے کا ہے اور کراچی میں ہی ان کا طبی معائنہ ہوا کرے گا۔
عابد علی کے والد کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہماری رہائش کے انتظامات کر دئیے ہیں اور ہم سب عابد علی کی صحت یابی کیلئے دعائیں کرنے پر تمام احباب کے مشکور ہیں اور ان سے مزید دعاؤں کی اپیل کرتے ہیں۔