کراچی: بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا146 واں یوم پیدائش آج ملک بھر میں قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے ۔
بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹس نے مزارِ قائد کی سیکیورٹی کی ذمے داریاں سنبھالیں ۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پی ایم اے میجر جنرل عمر احمد بخاری تھے ، جنہوں نے بانی پاکستان کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا ۔
بانی پاکستان کو قوم کی جانب سے سلامی پیش کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا ۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے ۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر سرکاری اور غیر سرکاری تقریبات کا انتظام کیا گیا ہے جن میں سیاسی اور سماجی شخصیات شرکت کریں گی ۔