لاہور: حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم پیدائش کی خوشی میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار منا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی کرسچین برادری کرسمس کے تہوار کو جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔ چرچز میں ہونے والی تقاریب میں مسیحی برادری نے پاکستان کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔وزیراعظم عمران خان سمیت ملک کی مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے مسیحی برادری کو مبارکباد دی۔
عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستان سمیت ہماری مسیحی برادری کو فرحت و سلامتی سے مزیّن کرسمس مبارک ہو۔
ہماری مسیحی برادری کو فرحت و سلامتی سے مزیّن کرسمس مبارک۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ یہ تہوار آپ لوگوں کے لیے خوشیاں اور خوشحالی لیکر آئے۔
دنیا بھر میں مسیحی برادری کرسمس کا تہوار مذہبی جوش وجذبے سے منا رہی ہے۔ کرسمس کی مرکزی تقریب کا انقعاد اٹلی کے شہر ویٹی کن میں ہوا، جہاں پوپ فرانسس نے ہزاروں مسیحیوں کی موجودگی میں رسومات ادا کرائیں اور دعا بھی کی۔
پوپ فرانسس نے اپنے خطاب میں دکھ درد میں کام آنے اور خوشیاں بانٹنے کی نصیحت بھی کی۔ حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت کی خوشی میں بیت اللحم میں ہزاروں مسیحیوں کی خصوصی عبادت۔
ہر چیز کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا، آتش بازی نے آسمان کو روشن کردیا۔ ترکی کے شہر استنبول میں بھی جگمگاتی روشنیوں نے ہر کسی کے چہرے پر خوشیاں بکھیر دیں۔ نیویارک میں بھی مسیحی برادری کی خوشیاں قابل دید تھیں۔ جنوبی کوریا میں بھی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد چرچ میں خصوصی عبادات کی گئیں۔