میاں جاوید کے بعد نیب کی تحویل میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایل ڈی اے سروسز ہسپتال میں وفات پاگئے

11:38 AM, 25 Dec, 2018

لاہور: گزشتہ دنوں سرگودھا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے سی ای او میاں جاوید اقبال کی نیب کی حراست میں موت کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹر ایل ڈی اے محمد سلیم لاہور کے سروسز ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر محمد سلیم کو نیب نے ایل ڈی اے کمرشلائیزیشن فیس کرپشن کیس میں گرفتار کیا تھا۔جیل حکام کی جانب سے کہا گیا کہ انتقال کرنے والے ڈپٹی ڈائریکٹر ستمبر2017 ءسے کیمپ جیل میں قید اور جگر کے عارضے میں مبتلا تھا،جسے طبیعت خراب ہونے پر رواں ماہ 8 دسمبر کو سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

محمد سلیم کو پوسٹ مارٹم کیلئے سروسز سے جنرل ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ اس سے قبل 21 دسمبر کو کیمپ جیل لاہور میں سرگودھا یونیورسٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) میاں جاوید کے انتقال اور وفات کے بعد ہتھکڑیاں لگیں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر عوامی وسیاسی حلقوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔

میاں جاوید کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے سرگودھا یونیورسٹی کے غیر قانونی کیمپسز کھولنے کے الزام میں رواں برس اکتوبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔


تاہم سی ای او سرگودھا یونیورسٹی کی وفات کی ذمہ داری نیب، جیل انتظامیہ اور ہسپتال حکام نے ایک دوسرے پر ڈال دی تھی۔محمد سلیم جوہر ٹاؤن کا رہائشی تھا، اس نے پسماندگان میں بیوہ اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

مزیدخبریں