اسلام آباد:کشمیری حریت راہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ ہمیں تین سال سے یاسین ملک سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی جبکہ تمام تر دہشتگرد کارروائیوں کا اعتراف کرنے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اہلیہ اور والدہ سے ملوایا گیا۔
حریت راہنما یاسین ملک کی اہلیہ مثال ملک نے ایک وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کے جواب میں بھارت کی جانب سے بھی مثبت پیغام آنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں سے دہشتگردوں سے بھی بدتر سلوک کر رہا ہے ۔ مثال ملک نے کہاکہ بھارت کی نظر میں کشمیریوں کی کوئی وقعت اور حقوق نہیں ۔ ا نہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم اس لئے کیا جا رہا ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ نام نہاد عظیم ہندوستانی جمہوریت ایک دہشتگرد کو تو بچانے کے لئے استحقاق نہ ہونے کے باوجود عالمی عدالت انصاف میں چلے گئے مگر جو کشمیری راہنما حق اور سچ کی آواز اٹھاتے ہیں انہیں ان کی فیملی سے ملنے تک نہیں دیا جا رہا ہے ۔ کلبھوشن یادیو اعتراف کر چکا ہے کہ اسے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے پاکستان میں دہشتگردی کے لئے بھیجا تھا ۔