ہمیں قائدکے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانا چاہیے : احسن اقبال

07:23 PM, 25 Dec, 2017


اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں قائد کے رہنما اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے اپنی صفوں میں اتحاد اور یگانگت پیدا کرکے دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانا چاہیے ۔


ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود ہے جن کا معیار اور قا بلیت کسی بھی قوم کے مقابلے میں کم نہیں ۔آج کا نوجوان کل ملک و قوم کا رہبر ہے ۔ نوجوانوں سے ہماری ترقی اور خوشحالی کی توقعات وابستہ ہیں ۔ ہمارے نوجوان آج سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں ۔ پوری دنیا ہمارے نوجوانوں کی قابلیت کی معترف ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج اس امر کی ضرورت ہے کہ نوجوان لسانی، فرقہ وارانہ اور انتہا پسند انہ سوچ سے دور رہتے ہوئے جدید علوم حاصل کریں ۔نوجوانوں پر گہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جدید علوم میں مہارت حاصل کرتے ہوئے امت کی عظمت رفتہ کو بحال کریں ۔ آج ہمیں ابن سینا ، ابن الہیشم، ابن خلدون اور جابر بن حیان بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ترقی کے میدان میں دوسری قوموں کا مقابلہ کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کا تصورِ پاکستان ایک ایسی فلاحی مملکت تھا ،جہاں یکجہتی ، امن، باہمی رواداری ،کا بول بالا ہو. قائد کا خواب تھا کہ پاکستان کو ایسی فلاحی ریاست بنائیں جہاں صوبائی و لسانی عصبیت سے بالاتر ہو کر صرف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سوچیں ۔انہوں نے کہاکہ آج پاکستان جس دور سے گزر رہا ہے اس کا تقاضہ ہے کہ ہم قائد کے فرمودات کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں اور ان پر تہہ دل سے عمل کریں ۔ خاص کر نوجوان جن سے پاکستان کا مستقبل جڑا ہے انہیں قائد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لئے اپنی کاوشوں کو تیز کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں