بحیرہ اسود میں روسی جہاز سمندر میں گر کر تباہ ،91افراد کی ہلاکت کا خدشہ

01:32 PM, 25 Dec, 2016

ماسکو : روسی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ ایک روسی جہاز بحیرہ اسود کے ساحل پر واقع تفریحی شہر سوچی سے ڈیڑھ کلومیٹر سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتِ دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیاہے کہ جہاز Tu-154 قسم کا ہے اور اس پر 91 افراد سوار ہیں۔ جہاز میں عملے کے ارکان، فوجی اہلکار، ایک فوجی میوزک بینڈ اور صحافی سوار تھے۔
جہاز شامی شہر لاذقیہ جا رہا تھا، یہ جہاز ماسکو سے اڑا تھا اور سوچی میں ایندھن بھرنے کے لیے رکا تھا۔روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ 'وزارت کو ٹی یو 154 جہاز کے ٹکڑے بحیرہ اسود کے ساحلی شہر سوچی سے ڈیڑھ کلومیٹر دور سمندر میں 50 سے 70 میٹر گہرائی سے ملے ہیں۔
بعض مقامی رپورٹوں کے مطابق موسمی حالات جہاز کی پرواز کے لیے مناسب نہیں تھے۔وزارتِ دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف نے کہا کہ جہاز میں سوار مسافر شام میں تعینات روسی فوجیوں کے لیے منعقد کردہ نئے سال کی تقریب میں شرکت کرنے جا رہے تھے۔ جہاز مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر 20 منٹ پر اڑنے کے 20 منٹ بعد ریڈار سے غائب ہو گیا۔یہ تقریبات لاذقیہ شہر کے قریب واقع روسی فوجی اڈے حمیمیم میں منعقد ہونا تھیں۔

مزیدخبریں