دمشق :شام کے شمالی صوبے حلب میں واقع قصبے الباب اور اس کے نواح میں باغیوں اور داعش کے درمیان لڑائی میں شدت آگئی ہے اور ترک فوج کے لڑاکا طیاروں نے بھی داعش کے ٹھکانوں پر بمباری جاری رکھی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران میں ترکی کے لڑاکا طیاروں نے فضائی حملوں میں داعش کے 141 اہداف اور ایک فوجی ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا ہے اور انھیں بمباری کرکے تباہ کردیا ہے۔
لڑائی میں ترکی کے حمایت یافتہ دو باغی جنگجو ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔ترکی کے حمایت یافتہ شامی باغیوں نے گذشتہ کئی ہفتوں سے الباب کا محاصرہ کررکھا ہے۔گذشتہ بدھ کو خونریز لڑائی میں بیس ترک فوجی اور داعش کے ایک سو اڑتیس جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔
داعش کے جنگجو ترک فوج اور ان کے اتحادی جنگجووں کا خودکش بم حملوں یا بارود سے بھری گاڑیوں کے ذریعے مقابلہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ترک فوج کے بیان کے مطابق الباب کے نواح میں واقع پہاڑی علاقے میں داعش کے جنگجووں کے ساتھ شدید جھڑپیں جاری ہیں۔داعش اس علاقے میں واقع ایک اسپتال کو ایک اسلحہ ڈپو کے طور پر استعمال کرتے رہے ہیں۔