واشنگٹن: امریکی فوج کا ایف 18 ہورنٹ طیارہ سان ڈیاگو میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ امریکی فوج کا ایف 18 ہورنٹ طیارہ
میرین کور ایئر سٹیشن کے قریب گر کر تباہ ہوا ہے۔
امریکی فوج کا لڑاکا طیارہ ہائی وے کے قریب ایک سرکاری اراضی پر گر کر تباہ ہوا۔ یہ طیارہ امریکی بحریہ کے زیر استعمال تھا اور معمول کی پرواز پر تھا۔طیارے کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہونے پر تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ ایک ہیلی کاپٹر اور جہاز کو ریسکیو آپریشن کے لیے بھیجا گیا جنہیں طیارے کا ملبہ مل گیا۔
ابتدائی طور پر یہ کہاجار ہا ہے کہ طیارے میں صرف پائلٹ موجود تھا۔ طیارہ زمین سے ٹکرانے کے بعد ملبے کا ڈھیر بن گیا۔ پائلٹ کے حوالے سے تاحال کوئی خبر جاری نہیں کی گئی۔
کیلیفورنیا کی ایک ملٹری بیس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے کا تباہ ہونا ایک حادثہ ہے جس میں دہشت گردی کے عنصر کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
بیان میں یہ وضاحت بھی دی گئی ہے کہ طیارے نے میرین کور ایئر اسٹیشن سے پرواز نہیں بھری تھی اور نہ ہی یہ میرین ایئرکرافٹ ونگ کا حصہ تھا۔