سیاستدان، ججز، جرنیل رزقِ حلال کیلئے جھوٹ کی بیساکھی پکڑے ہیں, 9 مئی پر  اسٹیبلشمنٹ کو ممنوعہ اسلحہ کے استعمال کا لائسنس مل گیا، مطلوبہ نتائج  بغیر جھوٹ کے نا ممکن: سینئر صحافی

09:18 AM, 25 Aug, 2023

لاہور: سینئر صحافی حفیظ اللہ نیازی کے مطابق  لمحہ فکریہ، سیاستدان، ججز، جرنیل رزقِ حلال کیلئے جھوٹ کی بیساکھی پکڑے ہیں۔

حفیظ اللہ نیازی نے اپنے کالم میں لکھا کہ وطنی جثہ میں جھوٹ کینسر کی طرح سرایت کر چُکا ہے، پورا معاشرہ دروغ گوئی میں گوڈے گوڈے ملوث، مملکت ِخداداد میں شاید ہی کوئی ذِی نفس جو اس لعنت سے مبرا ہو، ریاست کے تمام اعضاو اجزاخشوع و خضوع کیساتھ جھوٹ کو اپنا طرہِ امتیاز بنا چُکے ہیں جہاں حکومت کیلئے ہر شعبے میں جھوٹ بولے بغیر سانس لینا دشوار ہو ، جہاں عدالتیں جھوٹ کا سہارا لے کر انصاف دیں، قومی ادارے کو اپنے آپکو ’’ انصاف‘‘دِلوانے کیلئے جھوٹ پر تکیہ کرنا پڑے۔

سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ ’’ استحکامِ پاکستان‘‘کا دارومدار جھوٹ اور چالاکی کا مرہون منت ہو، ایسی مملکت کا جاں بلب ہونا بنتا ہے، جاں کی امان پائوں، ہمارے ہاں اخلاقی گراوٹ اور پستی کی آخری سطح کہ ریاست بزور طاقت جھوٹ منوائے اور پھیلائے۔ جب حکومت ( بلاتفریق تمام سیاسی جماعتیں) اور دو بڑے ادارے جھوٹ کو شُعار بنا لیں یاجھوٹ کے گرویدہ بن جائیں، سمجھیں مملکت کی طبعی عمر پوری ہونے کو ہے، لمحہ فکریہ، سیاستدان، ججز، جرنیل رزقِ حلال کیلئے جھوٹ کی بیساکھی پکڑے ہیں، سیاستدانوں میں عمران خان کو کریڈٹ کہ اس فن کو فنونِ لطیفہ کا درجہ دے رکھا ہے، وطنِ عزیز میں مبنی بَر جھوٹ گھمسان کا رَن پڑ چُکا ہے، اُصول جنگ ہر ہتھکنڈہ جائز، جھوٹ بطور جنگی ہتھیار موثر استعمال میں آچُکا ہے۔

حفیظ اللہ نیازی لکھتے ہیں کہ حالات کا جبر، نئی عسکری قیادت کو چارو ناچار جنرل باجوہ صاحب کے گناہ آلود پروجیکٹ کی صفائی ستھرائی کیلئے گناہ آلود راستہ ہی اختیار کرنا پڑا، جھوٹ کے سہارے آگے بڑھنا ہے، سانحہ 9 مئی پر جنرل عاصم منیر کیلئے شر سے خیر برآمد اسٹیبلشمنٹ کو ممنوعہ اسلحہ کے استعمال کا لائسنس مل گیا، عمران کو کیفرِ کردار پر پہنچانےکیلئے ہر حربہ استعمال میں لانا جائز قرار پایا۔

مزیدخبریں