اسلام آباد: وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی ہے۔ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 27.3 ارب ڈالرز سے کم ہوکر 13.4 ارب ڈالرزرہ گئے۔جون اور جولائی میں مہنگائی میں اضافہ ہوا۔اگست میں بھی مہنگائی میں اضافہ جاری رہے گا ۔
اکنامک آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق شدید سیلاب اور بارشوں سے خریف کی فصل تباہ ہوئی ہے۔ سندھ،بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں کپاس کی فصل شدید متاثر ہوئی۔ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی ڈبل ڈجیٹ میں رہے گی ۔آئندہ مہینوں میں ترسیلات زر 3 ارب ڈالرز ماہانہ تک پہنچ سکتی ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق 2022 میں بجٹ خسارہ 7.9 فیصد رہا۔سبسڈیز بڑھنے سے اخراجات میں اضافہ ہوا ۔مہنگائی اور ڈیمانڈ پر پابندیاں لگانے سے معیشت متاثر ہوگی۔کساد بازاری سے برآمدات میں کمی ہوسکتی ہے ۔آئی ایم ایف معاہدہ پاکستان کی بیرونی فنانسگ کی ضرورت پوری کرے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے سے سرمایہ کاری میں اضافے کی توقع ہے۔ جولائی میں سالانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں 7.8 فیصد کمی ہوئی ہے ۔جولائی میں ملکی برآمدات میں 2.7 فیصد اضافہ ہوا ۔جولائی میں سالانہ بنیادوں پر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 43.3 فیصد کمی ہوئی ۔