آرمی چیف کی زیر صدارت اہم کور کمانڈرز کانفرنس ،داخلی سیکورٹی کا جائزہ

04:14 PM, 25 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انسداد دہشت گردی اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کر دی  ہے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 250ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں خارجہ اور داخلی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت ہوئی ۔ آرمی چیف نے تمام فارمیشنز کو آپریشنل تیاریاں برقرار رکھنے کی ہدایت کر دی ۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک میں شدید سیلاب کی صورتحال اور جاری ریلیف کے کاموں پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔آرمی چیف کا کہنا ہے کہ ہر ایک متاثرہ شخص تک پہنچا جائے۔ 

واضح رہے کہ سندھ اور بلوچستان میں طوفانی بارشیں اور سیلاب انسان تو انسان ، مال مویشی ، گھر اور جھونپڑیاں تک بہا کے لے گیا ۔ سندھ کے شہر دادو میں سیلاب نے ایسی تباہی مچائی کہ سینکڑوں دیہات اور گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے ۔ ندی نالے بپھر گئے اور پانی گھروں کے اندر داخل ہو گیا ۔

کوٹ ڈیجی میں متاثرین کھانے پینے کو ترس گئے ، حکومتی امداد تو نہ آئی تاہم فلاحی تنظیموں نے متاثرین میں کھانا تقسیم کیا ۔ کشمور میں چھ روز سے جاری طوفانی بارشوں سے ہزاروں کچے مکانات پانی میں بہہ گئے ، لوگ کھلے آسمان تلے پڑے ہیں ۔ سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان کے تخمینے کے لئے کمیٹی قائم کر دی ۔

بلوچستان میں جھل مگسی میں دریائے مولہ میں اونچے درجے کا سیلاب ، جاں بحق افراد کی تدفین کے لئے خشک زمین نہیں مل رہی ۔ بلوچستان میں شدید بارشوں سے خواتین اور بزرگ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ۔

ادھر ، خیبر پختونخوا میں سیلاب سے اب تک 79 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ۔ سوات میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سوات ایکسپریس وے پلئی کے مقام پر جزوی طور پر بند ہے ۔

شانگلہ میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالے بپھر گئے ، رابطہ پل ، واٹر چینلز اور مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہیں ، شہری اپنے گھروں میں محصور ہوگئے ہیں ۔

مزیدخبریں