کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں بولان کے علاقے بی بی نانی میں گیس پائپ لائن ریلے میں بہہ جانے کے سبب کوئٹہ کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس حکام کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ برساتی ریلے میں گیس پائپ لائن بہہ جانے سے مچھ شہر کے علاوہ زیارت، پشین، مستونگ اور قلات کو بھی گیس کی فراہمی بند ہے۔
گیس کمپنی کے حکام نے بتایا کہ شکارپور سے کوئٹہ آنے والی 24 انچ گیس پائپ لائن پہلے ہی بہہ چکی ہے جبکہ 24 انچ قطر کی پائپ لائن بہہ جانے کے بعد متبادل 12 انچ کی لائن بھی بہہ گئی ہے۔
سوئی سدرن گیس حکام کا کہنا ہے کہ بولان ندی میں پانی کم ہونے کے بعد گیس لائن کی مرمت کی جائے گی جس کے بعد ہی گیس کی فراہمی بحال ہو گی جبکہ اس کام میں کچھ دن لگ سکتے ہیں۔