دبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم چاہتے ہیں کہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو قومی سکواڈ کے ہمراہ دبئی لے جایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم چاہتے ہیں کہ شاہین آفریدی ٹیم کے ہمراہ رہیں جبکہ بورڈ کی میڈیکل ٹیم نے ان کی چوٹ کے حوالے سے گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی انجری کے سبب ایشیاءکپ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ محمد حسنین کو قومی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور انڈی پینڈنٹ سپیشلسٹس نے آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث وہ ایشیاکپ اور انگلینڈ خلاف ہوم سیریز میں قومی سکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ قومی فاسٹ باؤلر گال میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران دائیں گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے اور تاحال بحالی صحت میں مصروف ہیں۔