اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خاتون ایڈیشنل سیشن جج کو دھمکی دئیے جانے پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے راہداری ضمانت حاصل کی تھی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے اور ضمانت کی درخواست دائر کی جس کی سماعت جج راجہ جواد عمران نے کی جبکہ بابراعوان نے دلائل پیش کئے جس کے بعد یکم ستمبر تک عمران خان کی ضمانت منظور کر لی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، کمپلیکس کے اطراف کی سڑکیں بند کر دی گئیں اور غیر متعلقہ افراد کو داخلے سے روک دیا گیا۔
عمران خان کی گاڑی کو جوڈیشل کمپلیکس کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ملی جس کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی پیدل چل کر انسداد دہشت گردی عدالت پہنچے۔