اسلام آباد: دہشت گردی کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر گرفتاری کی تلوار لٹکنے لگی ، سابق وزیراعظم ضمانت قبل ازگرفتاری کیلئے انسداد دہشت گردی عدالت گئے ۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی پیشی سے قبل فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔ پولیس کی بھاری نفری انسداد دہشت گردی عدالت میں تعینات ہے ۔ اس سلسلے میں جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف کی سڑکیں بند کردی گئیں اور غیر متعلقہ اشخاص کو داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی ۔
دوسری جانب ، پی ٹی آئی کے کارکنان انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں ، کارکنان کی عمران خان کے حق میں نعرے بازی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں ان کی قانونی ٹیم کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں انہوں نے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہونے یا نہ ہونے سے متعلق مشاورت کی ۔ قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد کل انہوں نے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا تھا ۔