لاہور: پنجاب یونیورسٹی نے سولہ سالہ تعلیم کے بعد براہ راست پی ایچ ڈی میں داخلے شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی رواں سال ماسٹرز پروگرام میں داخلے نہیں کرے گی۔
وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کی زیر صدارت اکیڈیمک کونسل کا اجلاس الرازی ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان اور ازبکستان کے مابین تعلقات بہتر بنانے کے لئے مغل بادشاہ ظہیر الدین بابر کے نام پر بابر لیگیسی سنٹر قائم کرنے کی سفارش کو منظور کیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب یونیورسٹی نے رواں سال سے سولہ سالہ تعلیم کے بعد براہ راست پی ایچ ڈی میں داخلے شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا اور نئی پالیسی کے تحت اٹھارہ سالہ تعلیم کے حامل امیدوار بھی پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلہ لے سکیں گے جبکہ یونیورسٹی میں ایم فل، ایم ایس پروگرامز بھی جاری رہیں گے۔
ایم فل اور پی ایچ ڈی میں داخلوں کی بنیادی پالیسی وضاحت کے ساتھ اشتہار میں شائع کی جائے گی اور پنجاب یونیورسٹی رواں سال ماسٹرز پروگرام میں داخلے نہیں کرے گی بلکہ چودہ سالہ تعلیم کے حامل امیدواروں کو بی ایس آنرز کے پانچویں سمسٹر میں داخلہ دیا جائے گا۔