بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ مگ- 21 گر کر تباہ

10:44 PM, 25 Aug, 2021

نئی دہلی: انڈین ایئر فورس کا جنگی طیارہ مگ-21 راجستھان کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فضائیہ کا مگ-21 طیارہ اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہچکولے کھاتے ہوئے میدانی علاقے میں جھونپڑی پر گر کر تباہ ہو گیا جس سے جھونپڑیوں میں آگ بھڑک اُٹھی۔

بھارتی فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارہ تربیتی پرواز پر مامور تھا تاہم فنی خرابیوں کے باعث گر کر تباہ ہو گیا جب کہ پائلٹ نے طیارے سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔ 

ترجمان بھارتی فضائیہ کا مزید کہنا تھا کہ طیارہ حادثے کی وجوہات کے تعین کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ طیارہ گرنے سے جن جھونپڑیوں میں آگ لگی وہاں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بوسیدہ اور ناکارہ مگ-21 طیاروں کے استعمال پر سابق فضائیہ افسران مودی سرکار پر تنقید کرتے آئے ہیں جبکہ وزرا نے بھی ان طیاروں کو اُڑتے ہوئے کفن قرار دیا تھا۔ 

خیال رہے کہ رواں برس بھارتی فضائیہ کے تین مگ-21 طیارے گر کر تباہ ہوچکے ہیں۔

مزیدخبریں