کراچی: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے سابقہ بیوی کو واٹس ایپ کے ذریعے بلیک میل کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے خاتون کی شکایت موصول ہونے کے بعد تحقیقات شروع کیں، جس میں متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اُن کا سابقہ شوہر پرانی تصاویر واٹس ایپ پر بھیج کر بلیک میل کررہا ہے۔
خاتون نے تحریری شکایت میں اپنے سابق شوہر پر الزام عائد کیا کہ وہ تصاویر کو ڈیلیٹ کرنے کے عوض ڈھائی لاکھ روپے مانگ رہا ہے اور نہ دینے کی صورت میں انہیں وائرل کرنے کی دھمکی دے رہا ہے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے خاتون سے سوال جواب کرنے کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کیں۔ تحقیقات کی روشنی میں آج کراچی میں کارروائی کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملزم سابقہ بیوی کو واٹس ایپ کے ذریعے بلیک میل کررہا تھا اور پرانی تصاویر کو انٹرنیٹ پر شیئر کرنے کی دھمکیاں بھی دے رہا تھا۔
ایف آئی اے نے ملزم کا موبائل قبضے میں لے کر اسے فرانزک کے لیے لیبارٹری بھیج دیا ہے، جس کی رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔