کراچی : مواچھ موڑ دھماکے میں ملوث دہشتگردوں کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کردی گئی ۔ دھماکے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔
ذرائع کے مطابق مواچھ موڑ دھماکے میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری ہے جبکہ سرکاری سطح پر ان کے سر کی قیمت بھی مقرر کر دی گئی ہے۔ ملزمان کی گرفتاری اورانعام سےمتعلق اشتہارات دیئےجائیں گے۔
تفتیشی اداروں نے مواچھ موڑ کیس میں مزید سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہیں۔ ویڈیو میں گاڑی کو مختلف سڑکوں پرجاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح سڑک پر موجود شہزور گاڑی آگے گئی تو زوردار دھماکہ ہوگیا ۔ ویڈیو میں گاڑی کے پیچھےموٹرسائیکل پر3مبینہ دہشتگردوں کو جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تفتیشی اداروں کی جانب سے کیس پر کام مزید تیز کردیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
پولیس نے بلدیہ ٹاؤن کے مواچھ گوٹھ میں دھماکے کا مقدمہ نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کیا ہے، مقدمہ معراج محمد خان کی مدعیت میں تھانہ مدینہ کالونی میں درج کیا گیا ، مقدمے میں دہشت گردی ، ایکسپلوزوایکٹ، قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں ہیں۔