لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے خواتین کے تحفظ کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کرکے سخت سزا یقینی بنانے کی حکم بھی دیدیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق اور آئی جی پنجاب نے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کو پنجاب میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔
اس کے علاوہ قبضہ مافیہ کے خلاف کارروائی ، مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ پنجاب بھر میں خواتین کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی ۔
اس موقعہ پر وزیراعظم نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات کی بھی ہدایت کی ۔
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آنے والی نسلوں کیلئے شجر کاری کا آغاز کیا ہے ۔ آئندہ نسلوں کیلئے بہتر پاکستان چھوڑنا ہے ۔ عہد کرلیں اپنے ملک کو سرسبز کرنا ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ اپنی آنکھوں سے ملک میں جنگلات کو تباہ ہوتے دیکھا ہے ۔ پاکستان سے جیسے جیسے جنگلات ختم ہوئے جانور بھی چلے گئے ۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں میٹھا پانی تھا ، لوگ نلکوں سے پانی پیتے تھے ۔ لاہور میں زیر زمین پانی کی سطح نیچے جا رہی ہے ۔ لاہور میں آلودگی اور سیوریج کے سنگین مسائل ہیں ، آلودگی سے بچوں اور بزرگوں کی زندگیوں کو خطرات ہیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ راوی پروجیکٹ مشکل نہ ہوتا تو مشرف دور میں بن چکا ہوتا ۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بھی یہ پروجیکٹ نہیں بنایا ۔ راوی میں جانے والا سیوریج کا پانی سندھ تک جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہواوے کی مدد سے اسمارٹ فاریسٹ کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گے ۔ سنسرز سے پتا چل جائے گا کہ کہاں پر درخت کاٹا جا رہا ہے ۔