اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھارت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک میں بھارتی سفارتخانے پاکستان کے خلاف سازش اور یہاں دہشت گردی میں ملوث تھے ، بھارت کو منہ کی کھانا پڑی ہے ، افغانستان میں تبدیلی سے وہاں صف ماتم بچھی ہے ۔
پالیسی بیان دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان براہ راست افغانستان کے کسی مسئلے میں ملوث نہیں ، 1500 لوگ افغانستان سے ویزا کے ذریعے آئے ، ہمارا کام غیرملکی شہریوں کو صرف طور خم پر پہنچانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف امریکہ کا اتحادی ہونے کی بڑی بھاری قیمت ادا کی ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ طورخم اور چمن کے راستے میں کاروبار میں 15 فیصد اضافہ ہوا ۔ پاکستان پر افغان مہاجرین کا کوئی بوجھ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دنیا میں اہم جغرافیائی پوزیشن ہے ۔ بھارت سی پیک کے خلاف سازش میں مصروف ہے ۔ دنیا کی کوئی طاقت سی پیک میں رکاوٹ نہیں بن سکتی ۔
شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنی ذمہ داری کو سمجھے ۔ فضل الرحمٰن کو اندازہ ہے ارد گرد کیا ہو رہا ہے ۔