ریاض: سعودی عرب نے دو چینی کورونا ویکسینز سائنو ویک اور سائنو فارم کی منظوری دے دی ہے، تاہم اس کے ساتھ مملکت میں منظور شدہ ویکسین کی تیسری خوراک لینی ہوگی۔
سعودی خبر رساں ادارے نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ وہ افراد جنہوں نے چینی ویکسین سائنو فام یا سائنو ویک کی 2خوراکیں لی ہوئی ہیں وہ مملکت میں داخل ہو سکتے ہیں تاہم انہیں ان دو خوراکوں کے ساتھ ایک بوسٹر ڈوزبھی لگوانا ہوگی جو مملکت میں منظور شدہ ویکسین میں سے ایک ہو۔
اس وقت سعودی عرب میں چار منظور شدہ ویکسینز ہیں جن میں فائزر، آسٹرازنیکا، جانسن اینڈ جانسن اور موڈرنا شامل ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی جنرل اتھارٹی برائے سول ایوی ایشن نے عمرہ زائرین کے لئے کورونا ویکسین ایس اوپیز پر مبنی ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے تمام ائر لائنز کو ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ منظور شدہ ویکسین کی مکمل ڈوز کے بغیرعمرہ زائرین کو پرواز میں سوار نہ کیا جائے۔ ویکیسین کی مکمل ڈوز کی تصدیق کے لئے سرکاری سرٹیفکیٹ کی موجودگی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
سعودی حکومت کے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کسی ایک ویکسین کی مکمل ڈوز پر مبنی منظور شدہ سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہے۔ منظور شدہ ویکسین میں ایسٹرازینیکا، فائزر، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔
ویکسین کی مکمل ڈوز کا سرٹیفکیٹ سعودی ائرپورٹس پر متعلقہ حکام کو پیش کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ مسافر کی روانگی سے 72 گھنٹے قبل کی کورونا نیگیٹو پی سی آر رپورٹ دکھانا بھی لازمی ہوگا۔ ہدایت نامے کی خلاف ورزی کے ذمہ دار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔