خاتون ٹک ٹاکر سے بدسلوکی کا کیس، ایک ملزم نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی  

11:17 AM, 25 Aug, 2021

لاہور: گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر خاتون سے بدسلوکی کے کیس میں ایک ملزم نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی ہے۔

عدالت نے پولیس سے مقدمہ کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے ملزم کی ضمانت چار ستمبر تک منظور کر لی ہے۔ نیو نیوز کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج محمد سعید نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ملزم کی جانب سے وکیل سید فراد علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔

ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف تھانہ لاری اڈہ میں پانچ دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ ملزم شامل تفتیش ہونا چاہتا ہے لیکن ڈر ہے پولیس اسے گرفتار نہ کر لے، عدالت ملزم کی گرفتاری سے روکنے کا حکم دے۔

خیال رہے کہ پولیس اس کیس میں 92 ملزموں کو گرفتار کر چکی ہے۔ ان سے خاتون کو ہراساں اور بدسلوکی کرنے کے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یوم آزادی کے روز جس وقت خاتون ٹک ٹاکر کیساتھ بدسلوکی کا واقعہ رونما ہوا، وہاں تقریباً 28 ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔ اتنی بڑی تعداد میں اصل ملزمان کی تلاش سمندر میں سوئی تلاش کرنے کے برابر تھا۔

حکام نے کہا کہ تاہم پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا اور اس کی مدد سے اصل ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔ جیو فینسگ کی مدد سے تمام ملزمان کے ذریعے انھیں ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا، اب ان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

مزیدخبریں