راولپنڈی: پاکستان اور قازقستان کی مشترکہ فوجی مشق "دوستریم 3" کی افتتاحی تقریب قومی انسداد دہشت گردی مرکز (این سی ٹی سی) ، پبی میں ہوئی ۔ افتتاحی تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشق کا مقصد دونوں افواج کے درمیان انسداد دہشت گردی کے شعبے میں ہم آہنگی کو فروغ دینا اور مضبوط کرنا ہے ۔
دونوں ممالک کی اسپیشل فورسز یرغمالی ریسکیو ، کمپاؤنڈ کلیئرنس ، ہیلی ریپلنگ اور کلوز کواٹر بیٹل (سی کیو بی) مشقوں اور طریقہ کار میں حصہ لیں گی ۔
یہ مشق مربوط ہم آہنگی ، باہمی تعاون ، فوری فیصلہ سازی اور حکمت عملی کی سطح پر تیزی سے اقدامات پر مرکوز ہوگی ۔
واضح رہے کہ مشترکہ مشق دو فوجوں کے درمیان دو سالہ مشق کے طریقہ کار کے طور پر منعقد کی جا رہی ہے ۔ پہلی مشترکہ مشق 2017 میں پاکستان میں اور دوسری 2019 میں قازقستان میں منعقد ہوئی ۔