واشنگٹن: امریکی شہر سیاٹل میں ایک طیارے میں مسافر کے موبائل فون میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث طیارے کو ہنگامی بنیادوں پر خالی کرنا پڑا، بتایا جا رہا ہے کہ مذکورہ فون سام سنگ کمپنی کی گلیکسی سیریز کا ماڈل A-21 تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیو اورلینز سے اڑان بھرنے والی الاسکا ائیرلائنز کی پرواز نے سیاٹل میں لینڈنگ کی جس میں سوار ایک مسافر کے فون میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگنے سے طیارے میں بھگدڑ مچ گئی اور مسافروں کو ہنگامی طریقہ اختیار کرتے ہوئے طیارے سے باہر نکالا گیا۔
پورٹ آف سیاٹل کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کافی تحقیق کے بعد میں یہ بتا سکتا ہوں کہ فون کو دیکھ کر بتانا مشکل ہے یہ کس کمپنی کا ہے اور اس کا ماڈل کون سا ہے مگر پورٹ آف سیاٹل کے ایک پولیس افسر کے انٹرویو کے دوران معلوم ہوا کہ مسافر نے ائیرپورٹ پر چیکنگ کے دوران موبائل فون دکھایا جو سام سنگ کمپنی کا گلیکسی A-21 ماڈل تھا، میں ایک بار پھر بتاتا چلوں کہ فون دیکھ کر نہیں بتایا جا سکتا ہے کہ یہ کس کمپنی ہے۔
الاسکا ائیرلائنز کے ایک ترجمان نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ طیارے کے عملے نے آگ بجھانے کے آلات استعمال کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور فون سے نکلنے والے دھویں کو طیارے میں پھیلنے سے روکنے کیلئے ’بیٹری کنٹینمنٹ بیگ‘ استعمال کیاجبکہ مسافروں کو طیارے سے نکالنے کیلئے ہنگامی ’سلائیڈز‘ کا استعمال کیا گیا، ان میں سے دو مسافروں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال بھی لے جانا پڑا۔
مذکورہ پرواز میں سوار ایک سافر ’میڈی ہیریسن‘ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر طیارے کے اندر اور باہر کھڑے مسافروں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’دائیں جانب میں اپنے فون پر گفتگو کر رہا ہوں۔ مذکورہ مسافر مجھ سے دو، تین لائنیں پیچھے بیٹھا تھا۔ فون سموک مشین کی طرح تھا۔ طیارے کے عملے نے بہترین کام کیا جبکہ تمام مسافر بہت زیادہ پرسکون رہے، میرا خیال ہے کہ ایک مسافر تھوڑا زخمی بھی ہوا ہے۔‘
Just talked with a passenger on Alaska Airlines flight 751, where a fire broke out in the plane after landing at Seattle-Tacoma International Airport. A passenger’s cell phone caught on fire, an Alaska Airlines official tells @KIRO7Seattle . We’re live at SeaTac at 11. pic.twitter.com/qeNHq4g17Z
— Kevin Ko (@NewsWithKevin) August 24, 2021
سیاٹل ٹاکوما انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے مطابق مسافروں کو بس کے ذریعے ٹرمینل تک پہنچایا گیا جبکہ الاسکا ائیرلائنز کے ترجمان کے مطابق دو مسافروں کو مقامی ہسپتال میں طبی امداد دی گئی ۔ واقعے سے تاحال یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا کہ سام سنگ کے فون گلیکسی A-21 میں کوئی خامی ہے اور اس ماڈل کے دیگر سمارٹ فونز میں بھی یہ خطرہ موجود ہے یا پھر کسی خاص وجہ سے مذکورہ واقعہ پیش آیا اور اس ماڈل کے دیگر سمارٹ فونز محفوظ ہیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ماضی میں بھی سام سنگ سمیت مختلف کمپنیوں سمارٹ فونز کی بیٹریاں پھٹنے اور ان میں آگ لگنے کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔ سام سنگ کا گلیکسی نوٹ 7 اس حوالے سے خاصا معروف ہے اور کمپنی کو پوری دنیا سے یہ سمارٹ فونز واپس منگوانا پڑ گئے تھے جسے بعد میں خامی دور کرنے کے بعد گلیکسی نوٹ 7 ’فین ایڈیشن‘ کے نام سے فروخت کیلئے پیش کیا گیا تھا۔