کورونا وائرس نے سڈنی کو جکڑ لیا، ہسپتال مریضوں سے بھر گئے، صورتحال تشویشناک  

09:21 AM, 25 Aug, 2021

سڈنی: آسٹریلوی شہر سڈنی میں ان دنوں کورونا وائرس سے صورتحال ابتر ہو چکی ہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافے سے حکام شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ حکومت نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی وبا کی نئی لہر سے بچنے کیلئے جلد از جلد ویکسی نیشن کرائیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دو مہینے کے طویل لاک ڈاؤن کے باوجود نیو ساؤتھ ویلز میں 919 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیلٹا قسم کے وائرس کی نئی وبا ملک میں پھوٹ چکی ہے۔ اسے روکنے کیلئے عوام پر سخت پابندیاں عائد کرنا ہونگی۔

بتایا جا رہا ہے کہ اس وقت سڈنی کے ہسپتالوں میں 113 مریض انتہائی نگہداشت میں زیر علاج ہیں۔ نیو ساؤتھ ویلز کے چیف ہیلتھ آفیسر کیری چانٹ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کورونا ویکسی نیشن کی اہمیت واضح ہو جاتی ہے، عوام اگر وبا سے بچنے کیلئے احتیاط کریں اور حفاظتی ٹیکے لگوائیں تو اس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ ان دنوں آسٹریلیا کو عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر کا سامنا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر ملک کے بڑے شہروں سڈنی اور میلبرن سمیت دیگر میں سخت لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

آسٹریلیا میں 16 سال سے زائد 31 فیصد افراد کی مکمل جبکہ 54 فیصد کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ایک ڈوز لگائی جا چکی ہے۔

نیو ساؤتھ ویلز کے حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ہماری تمام توجہ زیادہ سے زیادہ ویکسی نیشن اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ اس وقت ہمارے ہسپتالوں میں مریض روز بروز بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے شعبہ صحت پر شدید دباؤ ہے۔

مزیدخبریں