ورلڈ بینک کا افغانستان کیلئے امداد بند کرنے کا اعلان

ورلڈ بینک کا افغانستان کیلئے امداد بند کرنے کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: ورلڈ بینک نے افغانستان کی موجودہ صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے اس کیلئے امداد بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ افغانستان میں ورلڈبینک کے 2 درجن سے زائد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں تاہم اس کا کہنا ہے کہ افغانستان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جس کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ 
ذرائع کے مطابق عالمی بینک افغانستان کو 5.3 ارب ڈالر دے چکا ہے جس میں زیادہ تر امدادی رقم شامل ہے جبکہ امداد بند کرنے کا اعلان کے بعد افغانستان میں جاری ورلڈبینک کے 2 درجن سے زائد ترقیاتی منصوبے بھی رک جائیں گے۔ 
دوسری جانب یورپین یونین نے افغانستان کی انسانی امداد جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپین یونین نے افغان عوام کے مسائل اور تکالیف کو پیش نظر رکھتے ہوئے افغانستان کے عوام کیلئے انسانی امداد کی فراہمی کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یورپین یونین کا کہنا ہے کہ یہ امداد افغان گورنمنٹ کو براہ راست نہیں دی جائے گی بلکہ اسے دیگر پارٹنر اداروں کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا۔ یونین نے 2021ءمیں افغان عوام کیلئے 57 ملین یورو کا پہلے ہی سے اعلان کیا ہوا تھا تاہم کابل میں طالبان کے کنٹرول کے بعد اسے روک دیا گیا تھا۔