پاکستان کو چوتھے ٹی ٹوینٹی میں شکست، نیوزی لینڈ  4 رنز سے کامیاب

11:35 PM, 25 Apr, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو مسلسل دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں 4 رنز سے شکست دے دی۔نیوزی لینڈ نے ٹم رابنسن کی نصف سنچری اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے 178 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بناسکی۔پاکستان کی طرف سے فخر زمان نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم انکے علاوہ کوئی بھی بلے باز کیوی بولرز کے سامنے زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکا۔
افتخار احمد نے 23، صائم ایوب نے 20، عثمان خان نے 16، شاداب خان 7 اور بابر اعظم نے 5 رنز بنائے، عباس آفریدی ایک رن بناسکے۔عماد وسیم 22 اور محمد عامر ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، نیوزی لینڈ کی طرف سے ولیم او روروک نے 3، بین سیئرز نے 2، مائیکل بریسویل اور جیمز نیشم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ نے اننگز کا مثبت انداز میں آغاز کیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 5 اوورز میں 56 رنز بنائے لیکن اسی سکور پر زمان خان نے 15 گیندوں پر 28 رنز بنانے والے ٹام بلنڈل کو چلتاکردیا۔دوسرے اینڈ سے ٹم رابنسن نے بہترین کھیل پیش کیا اور جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 35 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔
نیوزی لینڈ نے 10 اوورز میں 93 رنز بنا لیے تھے لیکن 11ویں اوور میں عباس آفریدی نے رابنسن کی دو چھکوں اور 4 چوکوں سے سجی 51 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔سکور 128 تک پہنچا تو افتخار احمد نے ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے مارک چیپمین کو پویلین لوٹا دیا جبکہ ڈین فاکس کرافٹ بھی 34 رنز بنانے کے بعد اسامہ میر کو وکٹ دے بیٹھے۔
مائیکل بریسویل اور جیمز نیشام نے سکور کو 169 تک پہنچایا لیکن عباس آفریدی نے 27 رنز بنانے والے کیوی کپتان بریسویل کے بعد اگلی ہی گیند پر جوش کلارکسن کا کام بھی تمام کردیا۔اننگز کی آخری گیند پر عامر نے اش سودھی کی اننگز کا خاتمہ کردیا اور اس طرح نیوزی لینڈ نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

مزیدخبریں