اسلام آباد: ائیر مارشل (ر) ارشد ملک پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) میں چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے سے سبکدوش ہو گئے ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ائیر مارشل (ر) ارشد ملک کا 3 سال کا کنٹریکٹ مکمل ہو گیا تھا جس کے بعد وہ عہدے سے سبکدوش ہو گئے ہیں اور ائیر لائن ذرائع کے مطابق ائیر وائس مارشل عامر حیات کو قائم مقام سی ای او پی آئی اے تعینات کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ائیرمارشل ارشد ملک 12 جولائی کو پاکستان ائیر فورس سے ریٹائر ہوچکے ہیں، انہیں 11 اکتوبر 2018 کو وفاقی کابینہ نے پی آئی اے کا چیئرمین بنانے کی منظوری دی تھی جبکہ بعد ازاں 2 اپریل 2019ءکو انہیں سی ای او تعینات کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 7 جولائی 2020ءکو وفاقی کابینہ نے ائیرمارشل ارشد ملک کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی تھی جس کے بعد 15 جولائی 2020ءکو ان کی مدت ملازمت میں 25 اپریل 2022ءتک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔