فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن پر جانبداری کا الزام، پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت

11:05 AM, 25 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے فارن فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کیخلاف درخواست کو انٹرا کورٹ اپیل کے ساتھ آج ہی سننے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کا ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کی مبینہ جانبداری کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی اکاؤنٹس کی طرح 17 سیاسی جماعتوں کے اکاو¿نٹس کی سکروٹنی سے انکاری ہے اور جانبداری کا مظاہرہ کر رہا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے روئیے سے پی ٹی آئی متاثرہ پارٹی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو 17 سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان بین کا حکم دیا جائے اور سٹیٹ بینک کو حکم دیا جائے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی چھان بین کرے۔ 
درخواست گزار کے وکیل شاہ خاور ایڈووکٹ نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو کچھ اکاؤنٹس کی سکروٹنی کا سامنا ہے، فرخ حبیب نے پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دے رکھی ہے۔
شاہ خاور ایڈووکیٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں ان کا کیس سست روی کا شکار ہے، پی ٹی آئی کو باقیوں سے الگ کرکے ہماری چیزوں کو ہائی لائٹ کیا جاتا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ یہی سوال آپ نے انٹرا کورٹ اپیل میں نہیں اٹھایا؟ وہ اپیل بھی آج لگی ہوئی ہے، انٹرا کورٹ اپیل کو ڈویژن بینچ سن رہا ہے اور آج ہی سماعت کیلئے مقرر ہے۔ 
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے خلاف درخواست پر سماعت آج ہی انٹراکورٹ اپیل کے ساتھ ہو گی۔

مزیدخبریں