لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے پیغام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈھائی سال کی کارکردگی پر آپ کو فخر نہیں، شرم آنی چاہیے، ڈھائی سال میں 40 لاکھ لوگوں کو بے روزگار کرنا فخر کی نہیں بلکہ شرم کی بات ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ڈھائی سال میں مہنگائی 3 فیصد سے 16 فیصد ہو گئی، آٹا 35 سے 100 روپے کلو اور چینی 52 سے120 روپے کلو ہو گئی، اس پر آپ کو فخر نہیں بلکہ شرم کرنی چاہئے، ڈھائی سال میں 40 لاکھ لوگوں کو بے روزگار کرنا فخرنہیں شرم کی بات ہے، ڈھائی سال میں ترقی کی شرح 5.8 فیصد سے منفی 0.4 پرآنا شرم کی بات ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے یوم تاسیس کے موقع پر جاری پیغام میں کہا کہ قوم وسائل کی کمی کی بنیاد پر نہیں بلکہ کرپشن کی وجہ سے تباہ ہوتی ہے، جب حکمران کرپشن شروع کرتے ہیں تو قوم مقروض ہو کر تباہ ہو جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جب حکومت سنبھالی تو معاشی حالات بہت مشکل تھے اور ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا لیکن اب کرنٹ اکاؤنٹ کا سرپلس ہونا ہماری حکومت کی بڑی معاشی کامیابی ہے جبکہ مشکل وقت میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور چین نے ہماری مدد کی، وہ مدد نہ کرتے توہم دیوالیہ ہو جاتے، مجھے ڈھائی سال کی حکومتی کارکردگی پر فخر ہے۔
ڈھائی سال کی کارکردگی پر آپ کو فخر نہیں بلکہ شرم آنی چاہئے: مریم اورنگزیب
10:09 PM, 25 Apr, 2021