لاہور: وزیرا علیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے بھر کے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اورآکسیجن بیڈز کی تعداد فوری بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آکسیجن سپلائی کمپنیوں سے بھی مسلسل رابطہ رکھا جائے۔
تفصیلات کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کی وباءکے پھیلاؤ کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب نے آکسیجن سلنڈرز کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریضوں کی تعداد میں اضافے سے ہسپتالوں پردباؤبڑھ رہا ہے ، اس لئے آکسیجن سپلائی کرنے والی کمپنیوں سے بھی مسلسل رابطہ رکھا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ آکسیجن کی طلب ورسدکو دیکھتے ہوئے ضروری اقدامات کئے جائیں اورصوبے میں آکسیجن سلنڈر کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز میں اضافے کے بعد ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے اور ملک میں آکسیجن کی کمی کا خدشہ ہے جبکہ عوام سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے پاک فوج سے مدد لینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔