لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول سمیت تمام اپوزیشن سے اپیل ہے کہ چند ہفتوں کیلئے سیاست کوبھول جائیں، غلطی کی کسی کے پاس کوئی گنجائش نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایس او پیز پر عمل کروانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، عوام غیر ضروری شاپنگ اور بازاروں میں رش کرکے بچوں کا مستقبل خطرے میں ڈال رہے ہیں ،عوام کی بہتری کیلئے فوج کی مدد لے سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول سمیت تمام اپوزیشن سے اپیل ہے کہ چند ہفتوں کیلئے سیاست کو بھول جائیں،غلطی کی کسی کے پاس گنجائش نہیں ہے، سبھی لوگوں سے اپیل ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عمل کریں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ مہنگائی بلند ترین سطح کو چھو رہی ہے، کیا اب ہم تھوڑا سا گھبرالیں؟ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ لنگرخانے کھولنے سے غربت ختم نہیں ہوگی، آپ کوکچھ کرکے دکھانا ہوگا۔
پی پی پی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف مہم کا جھانسہ دے کرعوام کوچینی کیلئے قطارمیں کھڑا کردیا، عمران خان مہنگائی پرقابونہ پانے کی ذمہ داری لیں اور گھر جائیں، انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے حکم پرٹیکسوں کا بوجھ لادنے والے کے جرائم عوام معاف نہیں کریں گے۔
بلاول کا کہنا تھاکہ ادویات کی قیمتوں میں 100 فیصد سے زائد اضافہ عام آدمی سے زندگی کا حق چھین لینے کے مترادف ہے، میڈیکل سٹور پر پیسے کم ہونے کی وجہ سے دوا خریدے بغیر واپس جانے والے غریب کی آواز بننا سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم ہاو¿س کے ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر عمران خان کو ان والدین کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں جو بچوں کے سکول کی فیس تک ادا نہیں کرپارہے۔