نئی دہلی: بالی وڈ ایکشن ہیرو اکشے کمار نے بھارت میں پھیلی عالمی وبا کورونا کے خلاف اقدامات کیلئے ایک کروڑ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
اکشے کمار نے سابق کرکٹر اور سیاستدان گوتم گمبھیر کی فاؤنڈیشن کو کورونا کے خلاف اقدامات اٹھانے کیلئے ایک کروڑ بھارتی روپے امداد دینے کا اعلان کیا جس پر گوتھم گھمبیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کا شکریہ بھی اداکیا۔
سابق کرکٹر نے اپنے ٹوئٹ میں اکشے کو امید کی کرن قرار دیتے ہوئے لکھا کہ گوتم گمبھیر فاؤنڈیشن کو ضرورت مندوں کی غذا، ادویات، آکسیجن کی ضرورت پوری کرنے کیلئے ایک کروڑ کا اعلان کرنے پر اکشے آپ کا بہت شکریہ۔
اکشے کمار کی جانب سے امداد دینے کے اقدام کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے، اداکار کے ایک مداح نے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہی وجہ ہے کہ اکشے کو انڈیا کا سپر سٹار کہا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز اور اموات کی بڑھتی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ایسے میں آکسیجن کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بھارت کی مشہور شخصیات اپنی خدمات پیش کر رہی ہیں۔