ایک اور بین الاقوامی کرکٹر نے اسلام قبول کرلیا

02:40 PM, 25 Apr, 2021

جوہانسبرگ : اسلامی تعلیمات سے متاثر ہو کر ایک اور بین الاقوامی کرکٹر نے اسلام قبول کرلیا ہے۔اسلام قبول کرنے والے کرکٹر جنوبی افریقا کے سپنر بورون فورچین ہیں۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹر بورون فورچین اور اُن کی اہلیہ نے رمضان کے اس مبارک مہینے میں گزشتہ رات کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کیا۔

اسلام قبول کرنے کے بعد جنوبی افریقی کھلاڑی بورون فورچین کا اسلامی نام عماد رکھا گیا ہے۔اس بات کی تصدیق کھلاڑی کی اہلیہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کی ہے۔

بورون فورچین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مختلف اسٹوریز شیئر کیں جن میں اُن کے ساتھ کرکٹر تبریز شمسی اور اُن کی اہلیہ نے اُنہیں دائرہ اسلام میں داخل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

جنوبی افریقی کرکٹر تبریز شمسی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں نو مسلم کھلاڑی بورون فورچین اور اُن کی اہلیہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اُنہیں دائرہ اسلام میں داخل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

جنوبی افریقی کرکٹر بورون فورچین کی جانب سے اسلام قبول کرنے پر سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد اُنہیں مبارکباد پیش کررہی ہے۔

واضح رہے کہ بورون فورچین نے سال 2020 میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے ون ڈے میچ میں اپنا ڈیبیو کیا تھا جبکہ اُنہوں سال 2019 میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنا ڈیبیو کیا تھا۔

مزیدخبریں