کراچی: سندھ حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے وفاق سے صوبے میں فوج تعینات کرنے کی درخواست کردی ہے۔
نیو نیوز کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے بعد سندھ حکومت متحرک ہو گئی ہے اور آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی خدمات کے لیے وزارت داخلہ کو خط کے ذریعے درخواست دے دی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے پاک فوج کی خدمات سول انتظامیہ کی مدد کے لیے درکار ہیں۔ فوجیوں کی تعیناتی اور سازو سامان سے متعلق مشاورت کے بعد آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سندھ بھر خصوصاً کراچی اور حیدر آباد میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ شہریوں کی طرف سے ایس او پیز پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے جس پر سندھ حکومت نے وفاق سے صوبے میں فوج تعینات کرنے کی درخواست کی ہے۔