کورونا وائرس انسانوں سے بلیوں میں منتقل

08:56 AM, 25 Apr, 2021

ایڈنبرا:سکاٹ لینڈ میں کورونا وائرس کے انسانوں سے بلیوں میں منتقل ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔

 یونیورسٹی آف گلاسگو کی تحقیق کے مطابق سکاٹ لینڈ میں دو ایسی بلیاں پائی گئی ہیں جن کو اپنے مالکان کے ذریعے کورونا کی بیماری منتقل ہوگئی ہے۔ یہ دونوں بلیاں مختلف نسلوں اور مقامات سے تعلق رکھتی تھیں، ایک بلی کی حالت تو اتنی خراب ہوگئی کہ اس کو مارنا پڑا ۔

 واضح رہے کہ دنیا کے دیگر کئی ممالک ہانگ کانگ، بلجیم، امریکا، فرانس اور سپین میں بھی کئی پالتو جانوروں میں کورونا وائرس پایا گیا تھا اور ان کے بارے میں بھی یہی خیال کیا گیا تھا کہ ان میں وائرس ان کے مالکان سے منتقل ہوا ہے۔

 سائنسدان اب اس بات پر غور کررہے ہیں کہ کیا پالتو جانوروں سے انسانوں میں بھی وائرس منتقل ہوسکتا ہے۔ وٹنیری ریکارڈ میں چھپنے والی ایک ریسرچ میں بتایا گیا ہے کہ فی الحال بلیوں سے انسانوں میں وائرس کی منتقلی کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا اور نہ ہی بلیاں، کتے یا دیگر پالتو جانور اس سلسلہ میں کوئی بڑا رول ادا کر رہے ہیں۔

 سائنسدانوں نے ان خدشات کا اظہار کیا ہے کہ پالتو جانور ایک وائرل ذخیرے کے طور پر کام کرسکتے ہیں جس سے کورونا وائرس کی منتقلی میں مدد مل سکتی ہے لیکن ابھی اس سلسلہ میں مزید ریسرچ کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں