سندھ: فروٹ چاٹ، سموسے اور پکوڑے کے اسٹال لگانے پر پابندی

10:27 AM, 25 Apr, 2020

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے لاک ڈاؤن میں 9مئی تک توسیع کر دی ہے تاہم صوبائی حکومتوں نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اپنے طور پر بھی اقدامات کیے ہیں۔

سندھ میں رمضان المبارک کے دوران لاک ڈاؤن سے متعلق سخت ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ سندھ میں افطار کیلئے فروٹ چاٹ، سموسے اور پکوڑے کے اسٹالز لگانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کریانہ اسٹور اور سبزی کی دکانیں صبح آٹھ سے شام پانچ بجے تک کھلیں گی۔دودھ کی دکانوں کو صبح آٹھ سے شام آٹھ بجے تک اجازت دی گئی ہے۔ روزہ دار صرف ہوم ڈیلیوری کے ذریعے اشیا منگوا سکتے ہیں۔

حکومت سندھ نے ہدایت کی ہے کہ نماز تراویح گھر پرادا کی جائے گی، ریسٹورنٹ شام پانچ سے رات دس بجے تک ڈیلیوری کرسکتے ہیں اور یہ حکمنامہ ماہ صیام کے اختتام تک نافذ رہےگا۔پنجاب حکومت نے بھی لاک ڈاؤن میں نو مئی تک توسیع کر دی ہے۔ رمضان المبارک کے دوران دودھ ، دہی کی دکانوں، کریانہ سٹورز، تندوروں اور بیکریوں کو سحری کے اوقات میں دو بجے سے چار بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی۔رمضان المبارک کے دوران اجتماعی سحری اور افطاری پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔

ماہ رمضان میں مساجد کے لئے جاری20 نکاتی اعلامیہ پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔لاک ڈاؤن کے دوران  گروسری سٹورز، کریانہ سٹورز، ڈیپارٹمنٹل سٹورز، سپرمارکیٹس، چشمہ سازی کی دکانیں، بیکریاں، زرعی ادویات، بیچ، کھاد کی دکانیں اور آٹو ورکشاپس صبح 9بجے سے شام 5بجے تک کھلی  رہیں گی۔زرعی مشینری، سپیئر پارٹس اور ویلڈرز کو بھی مقررہ اوقات میں کام کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ میڈیکل سٹورزاور فارمیسی 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔پبلک ٹرانسپورٹ، مارکیٹیں، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور نجی و سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔

مزیدخبریں