اداکارہ و ماڈل فضاء علی نے دوسری شادی کر لی

 اداکارہ و ماڈل فضاء علی نے دوسری شادی کر لی
کیپشن: image by facebook

لاہور:  1999 میں شوبز انڈسٹری میں ڈرامہ سیریل "مہندی" سے قدم رکھنے والی معروف اداکارہ و ماڈل فضاء علی نے دوسری شادی کر لی۔

 تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ و ماڈل فضا علی نے دوسری شادی رچا لی اور شوبز کی دنیا کو خیر آباد کہہ دیا ہے ، اداکارہ نے اپنی دوسری شادی کا اعلان سوشل میڈیا پر بھی کر دیا ہے  ، اداکارہ کو  ساتھی فنکاروں اور پرستاروں کی جانب سے مبارکباد کے ساتھ نیک تمناؤں کے پیغام مل رہے ہیں ،  سوشل میڈیا پر فضاء علی نے اپنا نام تبدیل کر کے فضا ایاز ملک لکھ دیا ہے۔

 فضاءعلی کو شوبز کی دنیا میں شہرت انتہائی معروف ڈرامے ’لو و لائف اور لاہور ‘ سے ملی جس میں انہوں نے لیڈ رول ادا کیا اور شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں جبکہ دوسری جانب اسی ڈرامے نے اداکار سمی ابراہیم کو بھی بڑا بریک تھرو دیا تھا تاہم یہاں قابل ذکر امر یہ ہے کہ فضا علی نے اچانک اپنی شادی کی خبر فیس بک اکاﺅنٹ پر جاری کر کے دی اور انہوں نے اپنا فیس بک اکاﺅنٹ پر نام بھی تبدیل کر کے ’فضا ایاز ملک ‘ کر دیاہے ۔

فضا علی نے فیس بک پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ’میری شادی ایاز ملک کے ساتھ ہو گئی ہے اور اللہ کی رحمت سے یہ اعلان کرتے ہوئے مجھے خوشی ہو رہی ہے میں شوبز سے بھی کنارہ کشی اختیار کر رہی ہوں تاہم میں صرف ابھی اپنا ایک ہی شو جار ی رکھوں گی  ،میں چینل کے ساتھ اپنا کنٹریکٹ پورا کروں گی اور پھر مکمل طور پر شوبز سے علیحدگی اختیار کر لوں گی کیونکہ میں ایاز ملک کے ساتھ اپنی نئی زندگی شروع کر چکی ہوں اس لیے مجھے دوستوں اور اپنے اہل خانہ کی دعاﺅں کی ضرورت ہے ‘۔

واضح رہے کہ فضاءعلی نے پہلی شادی 2007 میں فواد فاروق کے ساتھ کی تھی تاہم کچھ تنازعات کے باعث ایک سال قبل ان کی علیحدگی ہو گئی تھی اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے جس کانام فریال فاروق ہے ۔