اسلام آباد:وزیر خارجہ خواجہ آصف ان یا آئوٹ ، اسلام آباد ہائیکورٹ کل فیصلہ سنائے گی ، لارجر بنچ نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ وزیر خارجہ خواجہ آصف کے ان یا آئوٹ ہونے کے متعلق فیصلہ کل سنائے گی ، لارجر بنچ نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا تھا۔
فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بنچ کے سربراہ جسٹس اطہر من اللہ سنائیں گے ، پی ٹی آئی رہنماء عثمان ڈار نے خواجہ آصف نا اہلی کی درخواست دائر کی تھی۔
گزشتہ سماعت پر لارجر بنچ نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا ، تمام فریقین کو نوٹس جاری ہوگئے۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت کی عدالت میں خواجہ محمد آصف کی نااہلی کیس کی سماعت کرنے والے لارجر بینچ میں شامل جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اس کیس کی سماعت سے معذرت کر لی تھی جس کے بعد بینچ کے سربراہ جسٹس عامر فاروق نے کیس چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو واپس بھیج دیا تھا۔
یادرہے کہ پاکستان تحریک اںصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کی جانب سے 11 اگست 2017 کو خواجہ آصف کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت خواجہ محمد آصف کو نااہل قرار دینے کے لیے دائر کی گئی درخواست میں الزام لگایا گیا تھا کہ وفاقی وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کی کمپنی میں ملازمت کے معاہدے اور اس سے حاصل ہونے والی تنخواہ کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
عثمان ڈار نے اپنی پٹیشن میں دعویٰ کیا تھا کہ خواجہ محمد آصف 2011 سے متحدہ عرب امارات کی کمپنی (آئی ایم ای سی ایل) کے ساتھ خصوصی مشیر کے طور پر وابستہ ہیں۔
اس درخواست کے بعد عثمان ڈار کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی تھی کہ وہ اس معاملے پر لارجر بینچ تشکیل دیں جس پر عدالت نے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں لارجر بینچ تشکیل دیا تھا۔
بعد ازاں 24 جنوری 2018 کو سماعت کے دوران عثمان ڈار کی جانب دلائل دیے گئے تھے کہ خواجہ آصف نے نیشنل بینک آف ابوظہبی میں اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے ابوظہبی کا ڈومیسائل جمع کرایا تھا جبکہ انہوں نے نیشنل بینک آف ابوظہبی کا اکاؤنٹ ٹیکس گوشواروں اور کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا۔