مالاکنڈ ایجنسی: سابق صدر آصف زرداری نے سخا کوٹ میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم اپنے پرچم میں شہیدوں کو دفن کرتے ہیں ہمیشہ ان کی یاد مناتے ہیں اور گڑھی خدا بخش میں عوام کی خدمت کی قسم اٹھائی ہوئی ہے۔ ہمیں پتا تھا کہ پختون اپنی شناخت چاہتے ہیں اس لئے پاکستان پیپلز پارٹی نے پختونوں کو شناخت دی۔
ان کا مزید کہنا تھا سی پیک کے پی اور بلوچستان کیلئے بنوایا تھا اگر اس کا فائدہ یہاں کی عوام کو نہ ملا تو اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی عطا آباد روٹ نہ بنواتی تو یہ چین سے کیسے روٹ لاتے۔ یہ لٹیرے جو لوٹ کر لے گئے ہیں میں ان کے پیٹ سے نکالوں گا کیونکہ یہ سارا مال عوام کو ملے گا۔ سی پیک کی حکمرانوں کو ابھی تک سمجھ نہیں آ رہی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریبوں کی خدمت اور اسی جذبے کو ہم جاری رکھیں گے۔ آج کے حکمرانوں کو غریبوں کے درد کا احساس نہیں۔ آصف زرداری نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا بچے بچے کی زبان پر نعرہ ہے گو نواز گو کتنے بچوں کو جیلوں میں ڈالو گے؟۔
نواز شریف ضیاء الحق کے شاگرد ہیں اس کی سیاست لے کر آگے چلے ہیں اور ان کی خارجہ پالیسی سے ملک سے باہر پاکستانیوں کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ جاتی امراء والے ایوانوں میں بیٹھے ہیں انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں کیونکہ لیویز جان ہتھیلی پر رکھ کر لڑ رہے ہیں یہ تنخواہ نہیں دیتے۔ اس کے علاوہ یہ صرف جنگلا بس بنانا جانتے ہیں جبکہ عوام کے مسائل نہیں جانتے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں