این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کردیا

06:58 PM, 24 Sep, 2024

اسلام آباد:این ڈی ایم اے  نے جاری الرٹ میں کہا ہے کہ  26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے بتایا کہ  پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ جبکہ سندھ کے کچھ علاقوں 26 ستمبر سے 28 ستمبر تک وقفے وقفے بارشیں متوقع ہے۔

الرٹ میں کہا گیا  کہ  موسلادھار بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی متوقع ہیں ، جس کے باعث رابط سڑکوں کو نقصان یا بندش کا سامنا ہو سکتا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی   کے مطابق  تمام متعلقہ محکموں کو ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو الرٹ رکھنے، کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال پر فوری ردعمل کو یقینی بنانے ، وسائل کو متحرک اور خطرے سو دوچار علاقوں میں ضروری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ مقامی انتظامیہ اور عوام کو موسم کی پیشن گوئی، ایڈوائزری اور الرٹس کی بروقت آگاہی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار علاقوں میں پیشگی اقدامات اور ضروری مشینری کی قبل از وقت دستیابی کو یقینی بنائیں تا کہ رابطہ سڑکوں کی ممکنہ بندش سے بروقت نمٹا جا سکے۔
 

مزیدخبریں