پاکستان گلوبل ڈیجیٹل کے ذریعے دنیا میں مواصلاتی خلا کو  ختم کرنا چاہتا ہے : خواجہ آصف

10:28 AM, 24 Sep, 2024

نیوویب ڈیسک

نیویارک:  وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان گلوبل ڈیجیٹل کے ذریعے دنیا میں مواصلاتی خلا کو  ختم کرنا چاہتا ہے۔

اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ غزہ المیہ جیسے تنازعات حل ہونے تک دنیا میں استحکام نہیں آسکتا۔

 اپنے خطاب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا  کہ سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے اجتماعی کاوشیں کرنا ہوں گی،  سکیورٹی کے مسائل نئی نسل اور امن کیلئے خطرہ ہیں، 100 سے زائد ترقی پذیر ممالک کو مواقع مہیا کرنے کیلئے عالمی نظام اصلاحات کی ضرورت ہے، عالمی برادری کے طور پر دنیا کیلئے بہتر راستہ طے کرنے میں ہمارا کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی اداروں کو چاہئے کہ وہ مالی طور پر کمزور ممالک کو قرض میں ریلیف دیں، عالمی مالیاتی اداروں کو ترقی پذیر ممالک کے ساتھ مالی تعاون کرنا چاہئے، پاکستان آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم مل کر کام کرنے سے محفوظ، زیادہ پرامن، جامع، پائیدار، خوشحال مستقبل حاصل کر سکتے ہیں، نئی نسلوں سے متعلق مستقبل کے حل کیلئے معاہدے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں