اوٹاوا: کینیڈا کے جسٹن ٹروڈو یوکرین کی حمایت پراتر آئے۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے یوکرین کے لیے امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ہم روس کے مقابلے میں یوکرین کی امداد اور حمایت جاری رکھیں گے ۔
ٹروڈو نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہاکہ روس یوکرین پر حملو ں سے باز رہے اور ایسا کوئی اقدام نہ کرے جس سے یوکرین کے لئے مشکلات ہوں۔ ٹروڈو کاکہنا تھا کہ کینیڈا اور یوکرین نے جی سیون کے اشتراک سے ایک ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ روسی اثاثوں کی ضبطی کے بارے میں سوچ وچار کی جاسکے اور اس کو یوکرین کے بارے میں جارحانہ موقف سے روکا جاسکے ۔
ٹروڈو کاکہنا تھا کہ کینیڈا نے 63 روسی افراد اور اداروں کو ملک کی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا کے یوکرین کے ساتھ کھڑے ہونے کے وعدے میں اگلے تین سالوں میں 650 ملین ڈالر کی نئی فوجی امداد شامل ہوگی۔
کینیڈا یوکرین کو 50 بکتر بند گاڑیاں فراہم کرے گا، جن میں لندن، اونٹاریو میں بنی بکتر بند طبی انخلاء کی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ ٹروڈو نے کہا کہ F-16 لڑاکا طیاروں کے پائلٹ اور دیکھ بھال کے انسٹرکٹرز، لیوپرڈ 2 جنگی ٹینک کی دیکھ بھال کے لیے سپورٹ، ہائی ریزولوشن کیمرے والے 35 ڈرون، ہلکی گاڑیاں اور گولہ بارود مطلوبہ امدادی پیکج کا حصہ ہیں۔ٹروڈو کاکہنا تھا کہ کینیڈا کی مانیٹری سپورٹ 2024 کے مالی سال تک جاری رہے گی۔
ٹروڈو نے کہا ہم جمہوریت کے دفاع اور (روسی صدر) ولادی میر پیوٹن کے یوکرین پر بلااشتعال، بلاجواز اور غیر ذمہ دارانہ حملے کی مذمت کے لیے بالکل متحد ہیں۔