کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کی ساری توجہ اپنی کرپشن کے مقدمات ختم کرانے پر ہے، پاکستان کو درپیش مسائل کو سنبھالنا اس حکومت کے بس کی بات نہیں، حکومتی نااہلی کے نتائج عوام بھگت رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ مہنگائی ختم کرنے کیلئے حکومت میں آنے کے دعویداروں کے دور میں مہنگائی کی شرح 45 فیصد تک چلی گئی ہے اور ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹریز بند ہو رہی ہیں، ٹیلی فون اسمبلی کے پلانٹس بند ہو رہے ہیں اور گاڑیاں بنانے کی فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں مگر حکومت کی ساری توجہ اپنی کرپشن کے کیسز ختم کرانے پر ہے، ان کے اربوں روپے کے کیسز ختم ہو رہے ہیں اور قیمت عوام ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی واردات بڑھ گئی ہیں، جرائم میں اضافہ ہو گیا ہے، ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے اور پاکستان ایک انتہائی خطرناک صورتحال پر پہنچ چکا ہے، 6 ماہ میں کئے جانے والے فیصلوں کے باعث مہنگائی کا طوفان برپا ہے۔
ملک تباہی کے دہانے پر مگر حکمرانوں کی توجہ اپنی کرپشن کے کیسز ختم کرانے پر ہے: اسد عمر
03:38 PM, 24 Sep, 2022